تمثیلہ ہاؤس سے باہر بھی 'تمثیلہ' جاری: زیب خان اور سامعہ حجاب میں 'ویوز' پر لڑائی

تماشا سیزن 5 کے ہاؤس میں ایک دوسرے کے لیے جذبات پیدا کرنے والے زیب خان اور اسریٰ عائشہ نے شو ختم ہوتے ہی نکاح کر لیا تھا۔ ان کے ساتھی تماشا کونٹیسٹنٹس بھی انہیں مبارکباد دینے ان کے گھر پہنچ رہے ہیں۔ حال ہی میں رابعہ جاوید شیخ نے کیک لے کر ان سے ملاقات کی اور نوبیاہتا جوڑے نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
مگر جب سامعہ حجاب اور یاسر عالم انہیں مبارکباد دینے پہنچے تو بات کچھ اور ہی موڑ لے گئی۔ انہوں نے جوڑے سے ملاقات کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور ایک ساتھ تصویریں بھی کھینچوائیں۔ لیکن جیسے ہی سامعہ اور یاسر نے یہ تصویر پوسٹ کی، زیب خان نے اپنے پرائیویٹ گروپ چیٹ میں اپنے فینز کو کہہ دیا کہ وہ سامعہ اور یاسر کو 'ویوز' نہ دیں۔ بھلا ایسی بات کون کرتا ہے؟ ہمیں تو سن کر ہی حیرانی ہوئی۔
اس پر سامعہ نے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کم ذہن اور تنگ نظر لوگوں سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں اب فیم دیکھ رہے ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد سے لاکھوں ویوز لے رہی ہیں۔ یاسر عالم بھی پیچھے نہیں رہے اور انہوں نے لکھا، "وہ خلوصِ دل سے مبارکباد دینے گئے تھے، مگر اگر ان کے جذبات ایسے نہیں تو وہ صرف نیک تمنائیں ہی دے سکتے ہیں۔" بھئی بات تو یاسر نے سچ کی۔
اس سارے 'ڈرامے' کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے زیب خان اور اسریٰ عائشہ کے اس رویے کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ذہنی طور پر اسریٰ اور زیب ابھی تماشا ہاؤس میں ہی ہیں کیونکہ ان کی منفی سوچ ختم نہیں ہو رہی۔ ایک اور نے طنز کیا، "یہ کپل گولز نہیں، نیگیٹوٹی گولز شیئر کرتے ہیں۔" کچھ صارفین کا خیال ہے کہ ان کی شادی صرف کونٹینٹ اور فیم کو کیش کرنے کے لیے ہے، جبکہ ایک فین نے کہا کہ اسے خوشی ہے ایسے لوگ ٹرافی نہیں جیتے۔
