آمنہ ملک کے پاس جن؟ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کی حقیقت بتا دی

ہم سب جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی بات آگ کی طرح پھیلتی ہے، اور اگر وہ بات کسی سلیبرٹی کے جنات سے تعلق پر ہو تو پھر تو بس پوچھیں مت! اداکارہ آمنہ ملک کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہوا ہے، جہاں حال ہی میں انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے جنات کے بارے میں وائرل ہونے والی خبروں پر بات کی ہے۔
آمنہ ملک نے بتایا کہ ایک سال پہلے وہ تابش ہاشمی کے شو میں گئی تھیں، جہاں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بس اتنا بتایا کہ ہاں، ایک بار ان کے ساتھ ایسا ہوا تھا کہ ان کے پیسے اور چیزیں گم ہونے لگی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کبھی کبھی چھوٹے جن بچوں کی شرارتیں ہوتی ہیں، اور ان سے مانگو تو وہ چیزیں واپس بھی کر دیتے ہیں۔
بس یہ کہانی سنائی اور معاملہ وہیں ختم ہو گیا۔ آمنہ کے مطابق، یہ تو 'Done-and-dusted' بات تھی، جو اُس وقت بھی کافی وائرل ہوئی تھی اور تب بھی انہوں نے انسٹاگرام پر وضاحت دی تھی کہ 'بھائی میرے پاس کوئی جن نہیں ہے۔' انہوں نے کہا کہ اب ایک 'Crappy page' ہے جسے انہوں نے ذاتی طور پر میسج کیا کہ یہ کہانی ہٹا دی جائے۔
آمنہ ملک نے صاف صاف کہہ دیا ہے کہ ان کے ماتحت کوئی جن نہیں ہے، اور اگر ہوتے تو پتا نہیں وہ آج کہاں ہوتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں میسج کر کے کہتے ہیں کہ اگر جن ہیں تو ہماری شادیاں کروا دو، ہماری گمشدہ چیزیں واپس دلوا دو۔ ہاہا! ایسا لگتا ہے جیسے انہیں کوئی 'ایڈوانس جن سروسز' فراہم کرنے والی سمجھ لیا گیا ہو۔
مذاق اپنی جگہ لیکن کچھ ٹرولز نے تو حد ہی کر دی ہے، انہیں شرک کرنے والی اور جادوگرنی تک کہہ ڈالا ہے۔ آمنہ نے اللہ کی پناہ مانگتے ہوئے کہا کہ 'خدا کے لیے،' برائے مہربانی اس پیج کو رپورٹ کریں، 'میرے پاس کوئی جن نہیں ہے،' میں یہاں کوئی 'بہت بڑی جادوگرنی' نہیں بیٹھی، نہ میرے پاس علاءالدین کا چراغ ہے جس سے جن نکل کر میری ہر خواہش پوری کر دے۔ کاش ایسا ہوتا کہ میری ہر خواہش پوری ہو جاتی! تو پلیز اتنی جلدی بیانات نہ دیں کہ یہ 'ڈائن' ہے یا 'شرک' کر رہی ہے۔
لگتا ہے سلیبرٹیز کی زندگی میں بھی 'جنات' سے متعلق افواہوں کی کمی نہیں، بھلا بتائیں اب اس میں میرا کیا قصور؟
