کھانے سے پہلے یا بعد میں جم؟ یہ ہے وہ سوال جو سب کو پریشان کرتا ہے!

جم جانے سے پہلے اکثر لوگ اسی کشمکش میں ہوتے ہیں: کھانا کب کھائیں؟ خالی پیٹ ورک آؤٹ کریں یا پھر بھر پیٹ؟ سچ پوچھو تو دونوں کے اپنے فائدے ہیں، لیکن جسم پر ان کے اثرات الگ الگ ہوتے ہیں۔
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ خالی پیٹ (جسے 'فاسٹڈ کارڈیو' بھی کہتے ہیں) ایکسرسائز کرنا زیادہ بہتر ہے۔ خاص طور پر صبح کے وقت، جب جسم میں گلائکوجن کی سطح کم ہوتی ہے، تو جسم ذخیرہ شدہ چربی کو توانائی کے لیے استعمال کرتا ہے۔ یہ طریقہ کارڈیور (جیسے واک، رننگ، یا سائیکلنگ) کے دوران زیادہ چربی جلانے میں مدد دے سکتا ہے۔ لیکن اس کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے۔ اگر آپ کا ورک آؤٹ بہت تیز یا 45 منٹ سے زیادہ لمبا ہے، تو آپ جلدی تھک سکتے ہیں۔ خالی پیٹ ہونے کی وجہ سے چکر آ سکتے ہیں یا کارکردگی میں کمی محسوس ہو سکتی ہے۔ تو یہ طریقہ ہر کسی کے لیے نہیں ہے اور اس میں احتیاط ضروری ہے۔
دوسری طرف، کھانے کے بعد جم جانا ان لوگوں کے لیے زیادہ کارآمد ہے جنہیں سخت یا لمبے ورک آؤٹس کے لیے زیادہ توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کھانا گلوکوز اور ضروری غذائی اجزاء فراہم کرتا ہے جو سٹیمنا اور طاقت بڑھاتے ہیں۔ اس سے آپ وزٹ لفٹنگ یا HIIT جیسی ایکسرسائزز بہتر طریقے سے کر سکتے ہیں۔ تاہم، اگر آپ بھرے پیٹ کے فوراً بعد جم چلے گئے تو تکلیف، پیٹ پھولنے یا متلی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ ایک بھرے کھانے کے بعد تقریباً ایک سے دو گھنٹے کا وقفہ کریں اور اگر ہلکا پھلکا سنیک لیا ہے تو 20 سے 30 منٹ بھی کافی ہیں۔
اب سب سے اہم سوال: کیا خالی پیٹ ایکسرسائز کرنے سے زیادہ کیلوریز جلتی ہیں؟ تحقیق بتاتی ہے کہ دن بھر میں جلنے والی کل کیلوریز میں کوئی خاص فرق نہیں آتا چاہے آپ خالی پیٹ جم کریں یا کھانے کے بعد۔ اصل فرق صرف توانائی کے ذرائع (چربی بمقابلہ گلوکوز) اور ایکسرسائز کے دوران آپ کی تھکن کی حس میں ہوتا ہے۔
