جنات کے چکر میں پھنس گئیں آمنہ ملک! اداکارہ کی وضاحت نے سب کو ہنسا دیا

اداکارہ آمنہ ملک نے اپنے گھر میں جنات کی مبینہ موجودگی کے وائرل دعوؤں پر بالآخر وضاحت پیش کر دی ہے۔ یہ سارا معاملہ ان کے ایک ٹی وی انٹرویو سے شروع ہوا تھا، جس میں ان کے کچھ ریمارکس سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئے۔
آمنہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ بات جیو نیوز کے پروگرام 'ہنسنا منع ہے' میں میزبان تابش ہاشمی کے ساتھ گفتگو کے دوران کہی تھی۔ تابش نے ان سے مافوق الفطرت سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا تھا، جس پر انہوں نے ایک واقعہ سنایا کہ کس طرح ان کے گھر سے پیسے اور دوسری چیزیں غائب ہونا شروع ہو گئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سنا تھا کہ چھوٹے جنات گھروں میں ایسی شرارتیں کرتے ہیں اور اگر ان سے کہا جائے تو غائب شدہ چیزیں واپس بھی کر دیتے ہیں۔
لیکن آمنہ کا کہنا ہے کہ ان کے ان ریمارکس کو غلط سمجھا گیا اور یہ بہت وائرل ہو گئے، جس کے بعد انہیں بار بار وضاحت دینی پڑی کہ ان کے گھر میں کوئی جنات نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک ویب سائٹ سے بھی رابطہ کیا تاکہ ان کے گھر میں جنات کے دعوؤں والی پوسٹ ہٹائی جا سکے۔
آمنہ نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے گھر میں جنات ہوتے تو وہ اب تک بہت بلندیوں پر پہنچ چکی ہوتیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان سے رابطہ کر کے شادیاں کرانے اور اپنی گمشدہ چیزیں واپس دلوانے کو کہا جانے لگا۔
کچھ صارفین نے تو حد ہی کر دی اور انہیں شرک کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے جادوگرنی تک کہہ ڈالا۔ آمنہ نے واضح کیا کہ ان کے پاس کوئی جنات نہیں ہیں اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے بیانات کو سمجھے بغیر تنقید نہ کریں۔
