اسرا عائشہ کو 70 سے زائد شادی کی پیشکشیں: کہانی سنیے انہی کی زبانی!

ماڈل اور میڈیا پرسنالٹی اسرا عائشہ جو 'تماشہ 5' میں رنر اپ رہیں اور ڈراما انڈسٹری میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی شادی کی پیشکشوں کے بارے میں حیرت انگیز تفصیلات شیئر کی ہیں۔ اسرا عائشہ ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا انٹرویوز میں بھی نظر آ رہی ہیں۔
اسرا عائشہ نے فوشیا میگزین کے یوٹیوب شو میں میزبان رابعہ مغنی کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ انہیں بڑے ہونے کے بعد سے اب تک ساٹھ سے ستر شادی کی پیشکشیں مل چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی دادی کی سب سے بڑی خواہش تھی کہ وہ انہیں بیاہتا دیکھیں۔ دادی تو چلی گئیں، لیکن یہ خواب پورا نہ ہو سکا۔ اسرا نے بتایا کہ دادی انہیں اپنے چچا کے بیٹے کا رشتہ لے کر آتی تھیں اور بار بار ان کا ہاتھ مانگتی تھیں، مگر اسرا کا مؤقف ہے کہ بیٹیاں کیریئر بنانا چاہیں تو انہیں اس کی اجازت دینی چاہیے۔
رشتے صرف گھر والوں کی طرف سے نہیں آئے، بلکہ دوستوں کی طرف سے بھی کئی پیشکشیں موصول ہوئیں۔ مگر سب سے حیران کن پیشکش ایک سیاستدان کی طرف سے تھی جو پہلے سے شادی شدہ تھا۔ اسرا کے مطابق اس سیاستدان نے انہیں دولت کا لالچ دیتے ہوئے کریڈٹ کارڈ، گاڑیاں، پٹرول، سفر اور جو کچھ وہ چاہیں سب دینے کی پیشکش کی تھی۔ اسرا کا کہنا ہے کہ انہیں بہت سی پیشکشیں شادی شدہ مردوں کی طرف سے آئیں، جن میں سے ایک امریکہ سے بھی تھا۔ اس شخص نے اسرا کو بتایا کہ اس کی بیوی نے اسے دوسری شادی کی اجازت دے دی ہے۔
تاہم، اسرا عائشہ کا اس پر واضح مؤقف ہے کہ کوئی بھی عورت شاید ایسی صورتحال پر راضی ہو جائے، مگر وہ کبھی خوش نہیں رہ سکتی۔ اسرا نے کہا، "میں کسی اور کا گھر اور خوشیاں تباہ نہیں کر سکتی۔ ایک عورت ہونے کے ناطے میں کسی شادی شدہ مرد سے شادی نہیں کر سکتی۔" ان کا ماننا ہے کہ انہیں ایسا پارٹنر چاہیے جو عورت کی عزت کرے، اور وہ اپنے آدمی کو کسی سے شیئر کرنے پر راضی نہیں، کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ صرف انہی کا ہو! بھئی اسرا کی یہ ڈیمانڈ تو بالکل جائز ہے، ہے نا؟
