جیو فلمز کی 'شیروز' کی دھوم، پریمئیر نے سب کا دل جیت لیا

جیو فلمز کی تازہ پیشکش، 'شیروز'، کے پریمئیر نے تو کراچی میں ایک دھماکا کر دیا۔ سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور حکومت سندھ کی اس مشترکہ کاوش سے بنی یہ فلم تین خواتین کی جدوجہد کی دل چھو لینے والی کہانی ہے۔ پریمئیر میں فلم انڈسٹری کا گلیمر، ستاروں کی موجودگی اور فینز کا جوش و خروش، سب کچھ ایک یادگار ایونٹ بنا گیا۔
ریڈ کارپٹ پر کیمروں کی چمک سے تو ایک فلمی میلے کا سا سماں بندھ گیا تھا۔ شہر کی نامور شخصیات، پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے نمائندے، اور فلم کے ستاروں کے فینز کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ ہر کوئی اپنے پسندیدہ اسٹارز کے ساتھ سیلفیاں بناتا نظر آیا، اور سنیما ہال تالیوں، جوش و خروش اور نعروں سے گونجتا رہا۔
ہال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور لوگ بڑی بے تابی سے اس کہانی کو بڑی سکرین پر دیکھنے کا انتظار کر رہے تھے۔ فلم شروع ہوئی تو اس کے جدید تکنیکی معیار، بہترین سینماٹوگرافی، متاثر کن ویژول ایفیکٹس اور کاسٹ کی زبردست اداکاری نے فوراََ سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔ 'شیروز' کو تماشا فلمز نے پیش کیا ہے جبکہ اورینٹ ڈسٹری بیوشن اس کا ریلیز پارٹنر ہے۔ جیو فلمز نے ماضی میں 'خدا کے لیے'، 'بول'، 'طیفا ان ٹربل'، 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ'، 'دی ڈونکی کنگ'، 'دی گلاس ورکر' اور 'زومبیڈ' جیسی کئی کامیاب فلمیں بھی پیش کی ہیں۔
